ٹی ایچ کیو ہسپتال بھیرہ میں گائنی کے ماہر ڈاکٹرز تعینات

ٹی ایچ کیو ہسپتال بھیرہ میں گائنی کے ماہر ڈاکٹرز تعینات

خواتین کو علاج کیلئے دیگر شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا:ملک صہیب احمد

بھیرہ (نامہ نگار)صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ پنجاب تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل اور بنیادی سہولیات کی بہتر فراہمی کے لیے حکومت مؤثر اقدامات کررہی ہے۔ صحت، تعلیم، سڑکوں اور دیگر شعبوں میں عوام کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وہ نمبردار کونسل تحصیل بھیرہ کے چیئرمین حکیم میاں طاہر اقبال وڑائچ کی والدہ مرحومہ کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ کی خصوصی ہدایت پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بھیرہ میں میڈیکل اسٹاف کی کمی دور کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں خواتین کے لیے گائنی کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے گائناکالوجسٹ ڈاکٹر عالیہ امتیاز اور اینستھیزیا اسپیشلسٹ ڈاکٹر آمنہ رشید کو تعینات کردیا گیا ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ماہر ڈاکٹرز کی تعیناتی سے زچہ و بچہ کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور خواتین کو گائنی کے علاج کے لیے دیگر شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بھیرہ میں دیگر طبی سہولیات کی فراہمی اور عملے کی کمی کو بھی ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جارہا ہے تاکہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اور صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...