کوٹلہ باقر شاہ میں سیوریج کا گندا پانی خطرناک جوہڑ بن گیا
سیوریج ایک ہی جگہ جمع ہونے سے پانی کی گہرائی خطرناک حد تک بڑھ چکی
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا )نواحی علاقہ کوٹلہ باقر شاہ میں ناقص سیوریج نظام اور نکاسی آب کے مستقل حل نہ ہونے کے باعث سینکڑوں گھروں کا گندا پانی آبادی کے قریب جمع ہوکر گہرے اور خطرناک جوہڑ کی شکل اختیار کرگیا ہے ، جس سے خصوصاً بچوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔اہل علاقہ کے مطابق تقریباً 9 سال قبل بھی اسی گندے پانی میں ڈوبنے سے 5 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں، تاہم اس افسوسناک سانحے کے باوجود مسئلہ آج تک مستقل بنیادوں پر حل نہیں ہوسکا۔مکینوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف بند اور دوسری جانب پرانا لنک روڈ ہونے کے باعث پانی کی نکاسی کا راستہ محدود ہے ، جبکہ بعض مقامات پر مبینہ رکاوٹیں بھی نکاسی آب میں مشکلات پیدا کررہی ہیں۔ کئی سو گھروں کا سیوریج ایک ہی مقام پر جمع ہونے سے پانی کی گہرائی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور ہر وقت کسی نئے حادثے کا خدشہ موجود ہے ۔مقامی افراد کے مطابق گندے پانی کے باعث زیر زمین اور پینے کے پانی کے متاثر ہونے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments