آٹا اور گندم مہنگی، غریب شہری پریشان
انتظامیہ، محکمہ خوراک اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی مبینہ غفلت اور عدم توجہی ، سرکاری نرخوں والے آٹے کے تھیلے بازار سے غائب ،حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ
فیصل آباد (عبدالباسط سے ) فیصل آباد میں آٹا اور گندم کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے شہریوں، خصوصاً مزدور اور کم آمدن والے طبقے کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ، محکمہ خوراک اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی مبینہ غفلت اور عدم توجہی کے باعث اوپن مارکیٹ میں آٹے اور گندم کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، جبکہ شہریوں کو سستے نرخوں پر آٹے کی فراہمی بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے ۔ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 5500 روپے فی من تک پہنچ گئی ہے ، جبکہ دیسی آٹے کی قیمت 160 روپے فی کلوگرام سے تجاوز کر چکی ہے ۔ اسی طرح فائن آٹے کے 15 کلوگرام تھیلے کی قیمت 2500 روپے سے زیادہ ہو گئی ہے۔
دوسری جانب سرکاری نرخوں پر دستیاب 10 کلوگرام آٹے کا تھیلا مارکیٹ سے تقریباً غائب ہو چکا ہے ، جس کے باعث عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے اور دو وقت کی روٹی کا انتظام بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ آٹے اور گندم کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود متعلقہ ادارے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، تاہم ان کی کارروائیاں زیادہ تر کاغذی حد تک محدود ہیں اور عملی طور پر مارکیٹ میں قیمتوں پر قابو پانے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔شہریوں نے شکایت کی ہے کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے کے باوجود صورتحال جوں کی توں برقرار ہے ، جس سے عوامی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے اور گندم جیسی بنیادی ضروریات کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments