موثر پولیس اقدامات سے ڈکیتی، چوری اور راہزنی کی وارداتوں میں 88 فیصد سے زائد کمی
رواں سال 150سے زائد گینگز کے 400سے زائد ملز م پکڑے گئے ،11کروڑ 56لاکھ کا مسروقہ سامان برآ مد ،کیمروں سے موثر مانیٹرنگ جاری
فیصل آباد (عبدالباسط سے )ڈکیتی، چوری، راہزنی اور لوٹ مار کی دیگر بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فیصل آباد پولیس کی جانب سے کیے گئے مؤثر اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ سال کی نسبت سنگین جرائم کی وارداتوں میں 88 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پولیس نے رواں سال کے دوران ڈکیتی، چوری، راہزنی اور لوٹ مار کی دیگر وارداتوں میں ملوث 150 سے زائد گینگز کے 400 سے زائد ملز موں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملز موں کے قبضے سے تقریباً 11 کروڑ 56 لاکھ روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا گیا، جس میں 323 موٹر سائیکلیں، 9 رکشے، 43 موبائل فونز، 1015 مویشی، زیورات، بیٹریاں، تاریں اور دیگر قیمتی سامان شامل ہے۔ آر پی او سہیل اخترا اور سی پی ا وتنویر حسین کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کے نظام کو بھی مزید مؤثر بنایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے گرفتار ملزم ڈکیتی، چوری، راہزنی اور دیگر جرائم میں مطلوب تھے ۔ آر پی او سہیل اختر سکھیرا، سی پی او تنویر حسین اور ایس ایس پی آپریشنز عمران ملک کا کہنا ہے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مزید مؤثر اور جارحانہ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments