ترقیاتی منصوبوں کے باعث فیصل آباد میں ٹریفک نظام درہم برہم، شہری کئی کئ گھنٹے خوار
اہم شاہراہوں کی بندش کے نتیجے میں متبادل راستوں اور رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کا غیر معمولی دباؤ بڑھ گیا، ٹریفک پولیس کی تو جہ صرف چالان مہم پر ہے ، مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے :شہری
فیصل آباد (عبدالباسط سے )شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کے باعث متعدد مین شاہراہوں اور چوک چوراہوں پر ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا ہے ۔ اہم شاہراہوں کی بندش کے نتیجے میں متبادل راستوں اور رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کا غیر معمولی دباؤ بڑھ گیا ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کے بجائے ٹریفک پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر چالان مہم پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں روزانہ لاکھوں گاڑیاں، موٹرسائیکلیں، رکشے ، بسیں اور دیگر وہیکلز مختلف شاہراہوں اور اہم چوک چوراہوں سے گزرتے ہیں۔ صبح اور شام کے اوقات میں پہلے ہی مختلف مقامات پر ٹریفک جام اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں معمول بن چکی تھیں۔ حالیہ دنوں میں جڑانوالہ روڈ، جھنگ روڈ، سٹیٹ بینک روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر میٹرو بس منصوبے اور دیگر ترقیاتی کاموں کے باعث متعدد سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے ۔ شاہراہوں کی بندش کے باعث شہریوں کو متبادل مین روڈز اور رابطہ سڑکوں کا رخ کرنا پڑتا ہے ، جہاں ٹریفک کا دباؤ بڑھنے سے کئی کئی گھنٹے ٹریفک جام میں پھنسنا معمول ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے پہلے سے دباؤ کا شکار متبادل شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جانی چاہیے ، تاہم مبینہ طور پر مختلف مقامات پر ناکہ بندی پوائنٹس قائم کیے جانے سے ٹریفک کے بہاؤ میں مزید رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments