ٹوبہ تا رجانہ ڈبل روڈ منصوبہ، سروس روڈز نہ ہونے سے مشکلات
طویل ون وے اور اونچے ڈیوائیڈرز کے باعث شہریوں کئی کلو میٹر اضافی سفرکرنا پڑ رہا
ٹو بہ ٹیک سنگھ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )موٹروے ٹوبہ انٹرچینج سے رجانہ انٹرچینج تک جاری ڈبل روڈ منصوبے میں اندرون شہر مناسب سروس روڈز اور روڈ کٹس نہ دیے جانے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ طویل ون وے اور اونچے ڈیوائیڈرز کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں جانے کے لیے شہریوں کو کئی کلومیٹر اضافی فاصلہ طے کرنا پڑ رہا ہے جبکہ متعدد مقامات پر ون وے کی خلاف ورزیوں کے باعث حادثات میں بھی اضافے کی اطلاعات ہیں۔شہریوں کے مطابق ڈبل روڈ منصوبہ ٹریفک کے مسائل حل کرنے اور آمدورفت کو بہتر بنانے کے لیے اہم منصوبہ ہے تاہم اندرون شہر آبادی، کاروباری مراکز اور مختلف محلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب سروس روڈز اور روڈ کٹس نہ ہونے سے یہ منصوبہ مشکلات کا باعث بن رہا ہے ۔ طویل ون وے کے باعث شہریوں کو معمولی فاصلے پر واقع منزل تک پہنچنے کے لیے کئی کلومیٹر کا اضافی چکر لگانا پڑتا ہے ۔اونچے ڈیوائیڈرز نے پیدل سڑک عبور کرنے والے شہریوں، بالخصوص خواتین، بچوں اور بزرگوں کی مشکلات میں بھی اضافہ کردیا ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ روڈ کٹس ایسے مقامات پر بنائے جائیں جہاں ٹریفک کا دباؤ، آبادی، مارکیٹوں اور اہم عوامی مقامات تک رسائی کی ضرورت زیادہ ہے، جبکہ پیدل چلنے والوں کے لیے محفوظ کراسنگ پوائنٹس اور مناسب سروس روڈز بھی فراہم کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments