پٹرولیم مصنوعات نرخوں میں اضافہ تشویش ناک ، زاہد توصیف
بچت پالیسی اپنی جگہ مگر حکومتی اقدامات سے ملکی معیشت بری طرح برباد ہو رہی
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری رانا زاہد توصیف نے یومیہ بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات نرخوں میں قدرے اضافہ کو تشویش ناک اور عوام کے لیے مشکل کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکہ، ایران کشیدگی کے بعد عالمی مارکیٹ میں پٹرول، ڈیزل قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ مگر وزیراعظم کی جانب سے ڈیجیٹل ریلیف اس مسئلہ کا حل نہیں بلکہ قومی سطح پر فوری طور پر ایسی پالیسی وضع کی جائے کہ 2030 تک ملک میں چلنے والی تمام گاڑیوں کو الیکٹرک کیا جائے ۔ خواہ موٹر سائیکل ہو یا ویگن، ٹرک ہو یا بس۔ 2030 کے بعد کوئی گاڑی ڈیزل اور پٹرول پر نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ قومی کفایت شعاری اور بچت پالیسی اپنی جگہ مگر دوسری طرف حکومتی اقدامات سے ملکی معیشت بری طرح برباد ہو رہی ہے اور ایک عام آدمی کا گھریلو بجٹ متاثر ہو رہا ہے ۔ اگر موجودہ صورتحال کے تناظر میں تمام گاڑیوں کو بجلی پر کر دیا جاتا ہے اور الیکٹرک گاڑیوں کی درامد پر ہر قسم کی ڈیوٹیز ختم کر دی جاتی ہیں تو ملک میں مہنگی ترین پٹرولیم مصنوعات کا معاملہ احسن طریقہ سے حل ہو سکتا ہے ۔ جیسا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں الیکٹرک گاڑیوں کا رجحان فروغ پا رہا ہے ۔ اس حکمت عملی سے وطن عزیز میں ماحولیاتی الودگی کا بھی خاتمہ ہوگا اور عوام کی زندگی بھی آسان ہو جائے گی۔ رانا زاہد توصیف نے مزید کہا کہ فی زمانہ سولر سے بجلی کے حصول کا فروغ بھی لازم ہے ۔ اس کے لیے حکومت لوگوں کو ترغیب دے اور موثر پالیسی وضع کرے ۔ بنجر اراضی میں سولر سسٹم لگا کر ہم بجلی کی پیداوار میں خود کفیل ہو سکتے ہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ حکومت پرائیویٹ لوگوں کو ٹھیکہ دے اور کول پلانٹس تھر کے ایریا میں منتقل کرکے ری ڈیزائننگ کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments