ممکنہ احتجاج، فیصل آباد کیلئے سکیورٹی پلان تیار
ضلع بھر میں پولیس، ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور دیگر سکیورٹی ٹیمیں تعینات ،سیف سٹی کیمروں کے ذریعے داخلی و خارجی راستوں،چوراہوں کی مسلسل نگرانی جاری
فیصل آباد (عبدالباسط سے )سیاسی جماعت کی جانب سے ممکنہ احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کے پیش نظر فیصل آباد پولیس نے شہر میں امن و امان برقرار رکھنے اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے جامع سکیورٹی پلان تیار کرلیا۔ ضلع بھر میں پولیس، ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور دیگر سکیورٹی ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں جبکہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے داخلی و خارجی راستوں، مین شاہراہوں، چوک چوراہوں اور اہم مقامات کی مسلسل نگرانی جاری ہے ۔
ملک کے دیگر اضلاع کی طرح فیصل آباد میں بھی ممکنہ احتجاج اور ریلیوں کے پیش نظر پولیس نے قبل از وقت سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ پلان کے تحت ضلع کے پانچ ٹاؤنز، 13 سرکلز اور تمام تھانوں کی حدود میں پولیس، ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور دیگر نفری تعینات کی گئی ہے ۔ اہلکار مین شاہراہوں، چوک چوراہوں اور دیگر حساس و اہم مقامات پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے ساتھ ٹریفک کی روانی بھی متاثر نہ ہو۔پولیس حکام کے مطابق بدامنی یا انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ نفری کی نگرانی اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا، سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین، ایس ایس پی آپریشنز ملک عمران سمیت دیگر افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے ۔
دوسری جانب سیف سٹی ہیڈ کوارٹر میں ضلعی پولیس، ڈولفن فورس، ایلیٹ فورس، سیف سٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و اہلکار تعینات ہیں جو کیمروں کی مدد سے شہر کے مختلف علاقوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی پلان کا مقصد شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ شہر میں امن و امان برقرار رکھنا ہے ۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے سکیورٹی اداروں سے تعاون کریں اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کا ساتھ نہ دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments