پرائس کنٹرول کا نظام مفلوج، شہری مہنگائی کے رحم و کرم پر
محض نرخ نامے جاری کرنا کافی نہیں، عملدرآمد یقینی بنایاجائے :عوامی حلقے
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) فیصل آباد میں پرائس کنٹرول کا نظام غیر فعال ہونے کے باعث شہری مصنوعی مہنگائی کے سامنے بے بس ہو کر رہ گئے ہیں۔ پھلوں، سبزیوں اور روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گرانفروشی روکنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق شہر میں اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔ سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے ذمہ دار پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مؤثر نگرانی نہیں کی جا رہی اور محدود آمدن کے باوجود انہیں مہنگے داموں اشیا خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے ۔فیصل آباد کے مختلف بازاروں، مارکیٹوں اور دکانوں پر پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عام صارفین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ مہنگائی کے مسلسل دباؤ نے پہلے ہی متوسط اور کم آمدن والے طبقے کا گھریلو بجٹ متاثر کر رکھا ہے ، جبکہ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیا خریدنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے ۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اشیائے ضروریہ کے نرخ مقرر کرنے کا بنیادی مقصد عوام کو ناجائز منافع خوری اور من مانے داموں سے تحفظ فراہم کرنا ہے ، تاہم سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں یہ نظام بے معنی ہو کر رہ جاتا ہے ۔ محض نرخ نامے جاری کرنا کافی نہیں، بلکہ ان پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے بازاروں میں مسلسل نگرانی، اچانک معائنے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی بھی ضروری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments