پٹرولیم مصنوعات مہنگی , ٹرانسپورٹرز نے ازخود کرانے بڑھا دیئے

پٹرولیم مصنوعات مہنگی , ٹرانسپورٹرز نے ازخود کرانے بڑھا دیئے

پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی نیا کرایہ نامہ جاری نہیں کیا گیا ، پٹرول سستاہونے پرتوکرایہ کم نہیں کیاجاتا،اعلی ٰ حکام فوری نوٹس لیں :شہریوں کامطالبہ

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد پبلک ٹرانسپورٹرز نے خود ساختہ طور پر کرایوں میں اضافہ کر دیا،مسافروں اور ڈرائیورز کے درمیان کرایوں کے معاملے پر توتکار ہونے لگی ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد پبلک ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں خود ساختہ طور پر اضافہ کر دیا ہے جبکہ پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک کوئی نیا کرایہ نامہ جاری نہیں کیا گیا لیکن ٹرانسپورٹرز نے مسافروں سے زائد کرائے وصول کرنا شروع کر دیئے ہیں۔کورونا کیسز میں اضافہ کے باعث انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ بارہ دن بند رہنے کے بعد بحال ہوئی تو پٹرل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا،ٹرانسپورٹرز کورونا کی آڑ میں پہلے ہی چار گنا زائد کرائے وصول کر رہے ہیں اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث کرائے میں مزید اضافہ کیاگیا ہے ۔ راولپنڈی اے سی والی گاڑی کا کرایہ 400سے بڑھ کر600روپے ،سرگودھا 450روپے ،لاہور کا 250روپے کرایہ وصول کیا جا رہا ہے جبکہ نان اے سی راولپنڈی کا کرایہ 400روپے ،لاہور کا 150روپے کرایہ وصول کیاجارہاہے ، مسافروں کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز پہلے کورونا کی آڑ میں کم سواریاں بیٹھا کر زائد کرایہ وصول کر رہے تھے اور اب پٹرول کی قیمت میں اضافہ کے ساتھ کرایہ بھی بڑھا دیا ہے لیکن جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوتی ہے تب کرایہ کم نہیں کیا جاتا ،اعلیٰ حکام فوری طورپرنوٹس لیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں