شطرنج کا کھیل دل کو تسکین اور دماغ کو قوت بخشتا :ڈی سی
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا ہے کہ شطرنج عقل و فراست کا کھیل ہے جو دل کو تسکین اور دماغ کو قوت بخشتا ہے ’ دنیا بھر میں شطرنج کے بڑے بڑے مقابلے منعقد کئے جاتے ہیں یہاں تک کہ انسان اور مشین کے درمیان ہونے والا مقابلہ بھی خاصی دلچسپی کا سامان رہا۔
اس کھیل میں جس نے سوچ سمجھ کر چال چلی وہ مقدر کا سکندر بن گیا اورجس نے جلد بازی میں غلط چال چلی وہ رہا ناکام۔ الغرض شطرنج ایک بین الاقوامی کھیل ہے اور پیشہ وارانہ طور پر کھیلا جاتاہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ چیمبر اور جمخانہ کے اشتراک سے پہلے گوجرانوالہ چیس کلبز ریپڈ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ٹونامنٹ میں گوجرانوالہ ڈویژن کی 13 مختلف کلبز سے 56کھلاڑیوں نے حصہ لیا ۔ تقریب کے اختتام پر جیتنے والے کھلاڑیوں میں شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے اورمہمانان گرامی کو بھی اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔ نتائج کے مطابق 6 سخت مقابلوں کے راؤنڈزمیں سید محمد علی نے پہلی، محمد فیصل مغل نے دوسری جبکہ محمد ایوب نے تیسری پوزیشن حاصل کی اور پہلے 10ونرز کو بھی نقد انعامات سے نوازا گیا۔