گھوڑے شاہ روڈ کی تعمیر سیاست کی نذر: برساتی نالہ بھی سیمنٹ سے بند کردیاگیا

گھوڑے شاہ روڈ کی تعمیر سیاست کی نذر: برساتی نالہ بھی سیمنٹ سے بند کردیاگیا

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گھوڑے شاہ روڈ کی تعمیر سیاست کی نذر ہوگئی ،میونسپل کارپوریشن کے سب انجینئر اور۔۔

 ٹھیکیدار آلہ کار بن گئے جس سے تعمیراتی کام ادھوڑا پڑا ہے ، صوبائی محتسب اعلیٰ کے احکامات کے باوجود سڑک کی تعمیر کو شروع نہیں کروایا گیا، سینکڑوں فٹ سڑک کی تعمیر چھوڑ کر برساتی نالہ سیمنٹ سے بند کردیا گیاہے جس پر علاقہ مکین سراپا احتجاج بن ہوئے ہیں، تفصیلات کے مطابق کمشنر گوجرانوالہ کے حکم پر گزشتہ ماہ محرم الحرام میں گھوڑے شاہ روڈ کی تعمیر شروع کی گئی لیکن سڑک کا لیول تقریباً دو فٹ اونچا رکھنے اور ناقص میٹرل کے استعمال پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا جس پر سب انجینئر میونسپل کارپوریشن گلزار اور ٹھیکیدار دانیال نے اپنی من مرضی کرتے ہوئے محرم الحرام کے روٹ کو بنیاد بناتے ہوئے سڑک کی تعمیر شروع رکھی ۔سڑک کے لیول بارے پرعلاقہ مکینوں نے کمشنر ،ڈپٹی کمشنر ، سی او کارپوریشن کو شکایت کی ،ٹھیکیدار دانیال اور سب انجینئر گلزار نے سزا کے طور پر سڑک کا چند سو فٹ حصہ بغیر تعمیر کے چھوڑدیااور مسجد گلزار مدینہ کیساتھ گزرنے والے برساتی نا لے کو سیمنٹ ریت سے بند کرڈالا، علاقہ مکینوں نے محتسب اعلیٰ پنجاب کو درخواست دی جہاں پر سب انجینئر گلزار نے برساتی نالہ کھولنے اورسڑک کی تعمیر مکمل کرنے کی مکمل یقین دہانی کروائی لیکن دو ماہ گزرنے کے باوجود سڑک کی تعمیر اور برساتی نالہ بحال نہ کیا گیا ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سیاسی سرگرمیاں تو ہر جگہ ہوتی ہیں لیکن گھوڑے شاہ بازار میں محرم الحرام اور ربیع الاول کے جلوس اور سڑک کی تعمیر بارے چہ مگوئیاٍں ہوتی رہتی ہیں اور ڈر ہے کہ کہیں مذہبی اشتعال انگیزی شروع نہ ہو جائے ، شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں