حافظ آباد:پو لیس ،عوام میں فاصلے مٹانے کیلئے اقدامات کاآغاز
حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا)حافظ آباد میں پولیس فورس اورعوام کے مابین فاصلوں کو ختم کرکے شہریوں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے پروگرام کا آغاز کردیا گیا ۔
اس سلسلہ میں ڈی پی او فیصل گلزار کی سربراہی میں ڈی پی او آفس کانفرنس ہال میں فرینڈز آف پولیس کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی ایس پی صدر سرکل رانا جمیل قیصر، وکلا ،سول سوسائٹی کے افرادکے علاوہ کرسچن کمیونٹی، سکھ کمیونٹی اور مختلف سکول و کالج کے پرنسپل اور انجنیئرنگ کے طلبا نے شرکت کی۔ڈی پی او فیصل گلزار نے پروگرام فرینڈز آف پولیس کے بارے میں بریفنگ دی۔فرینڈز آف پولیس پروگرام کا مقصدعوام کا پولیس پر اعتماد بحال کر کے پولیس فورس اور کمیونٹی کے درمیان حائل فرق کو ختم کرنا ہے ۔ پولیس اور کمیونٹی کے درمیان اعتماد قائم کرناہے جس سے قانون کا نفاذ زیادہ موثر ہو گا۔بعدازاں فرینڈز آف پولیس کو آئی ٹی سیکشن، میثاق سنٹر، پولیس خدمت مرکز سٹی حافظ آباد، پولیس تھانہ سٹی حافظ آباد اور پولیس تحفظ مرکز کا وزٹ بھی کرایا گیا اور پولیس ورکنگ بارے بریفنگ دی گئی،فرینڈز آف پولیس نے پولیس خدمات کو خوب سراہا۔