ن لیگ کے سینئر رہنما میاں سجاد پیپلز پارٹی میں شامل

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما میاں سجاد حسین نے ارشاد اللہ سندھو کی کوششوں سے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں سجاد نے کہا کہ میاں برادران اور مسلم لیگ ن نے مایوس کیا ہے ،پاکستان میں واحد لیڈر بلاول بھٹو زرداری اور واحد پیپلز پارٹی ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال کر صحیح سمت میں گامزن کر سکتی ہے ، پیپلز پارٹی کے قائدین نے ہمیشہ ملک اور قوم کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں ،عوام کو بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دینا چاہیے اور آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کو کامیاب بنا کر بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا وزیراعظم بنائیں ۔اس موقع پر پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر امتیاز صفدر وڑائچ ،پیپلز پارٹی ضلع گوجرانوالہ کے جنرل سیکرٹری ارشاد اللہ سندھو ،پیپلز پارٹی وزیرآباد کے سینئرنائب صدر سرفراز احمد ساہی و دیگر بھی موجود تھے ۔ امتیاز صفدر وڑائچ اور ارشاد اللہ سندھو نے کہا کہ میاں سجاد حسین نے پیپلز پارٹی میں شامل ہو کر مناسب وقت پر بہترین فیصلہ کیا ہے ہم مل جل کر پیپلز پارٹی کو گوجرانوالہ میں مضبوط بنائیں گے ،عام انتخابات میں پیپلز پارٹی گوجرانوالہ سے کلین سویپ کرے گی۔