ضلعی عدالتوں میں مصالحتی سنٹر دوبارہ فعال
گوجرانوالہ( سٹاف رپورٹر ) ضلعی عدالتوں میں مصالحتی سنٹر کو دوبارہ فعال کر دیا گیا ۔ سول جج درجہ اول نعمان مبشر کومصالحتی سنٹر کا میڈی ایٹر مقرر کیاگیاہے جبکہ عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات صلح کیلئے مصالحتی سنٹر بھجوائے جائیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سجاد حسین سندھڑ کی ہدایت پرضلعی ہیڈ کوارٹر میں مصالحتی سنٹر کو دوبارہ فنکشنل کر دیا گیا ہے جہاں فریقین میں صلح کروائی جا سکے گی۔ سیشن جج نے سول جج درجہ اول نعمان مبشر کو مصالحتی سنٹر کا میڈی ایٹر مقرر کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ضلع بھر کی عدالتوں میں زیر سماعت فیملی سول اور فوجداری اور دیگر نوعیت کے ایسے مقدمات جن میں فریقین میں صلح کی گنجائش ہو کو جوڈیشل افسر مصالحتی عدالت بھجوائیں گے جہاں فریقین میں میڈی ایٹر کے ذریعے صلح کروانے کی کوشش کی جائے گی ۔ قبل ازیں سول جج علی رضا مصالحتی سنٹر میں میڈی ایٹر کے فرائض سر انجام دے رہے تھے تاہم ان کی حافظ آباد ٹرانسفر کے بعد میڈی ایٹر سنٹر نان فنکشنل ہو گیا تھا ۔