ڈسکہ:تجاوزات کیخلاف مہم میونسپل عملہ کیلئے کمائی کا ذریعہ
ڈسکہ(نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر کے حکم پر میونسپل کمیٹی کی جانب سے تجاوزات کیخلاف جاری مہم عملہ کیلئے چاندی ثابت ہونے لگی ۔۔۔
میونسپل کمیٹی کا عملہ خودہی شہر بھر میں روزانہ اور ماہانہ کی بنیاد پر بھتہ لیکر تجاوزات قائم کرانے اورریڑھیاں لگوانے میں ملوث ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ عملہ بھتہ نہ دینے والے ریڑھی بانوں کے نہ صرف تر از واور دیگر سامان اٹھا کر لے جاتا ہے بلکہ واپسی کے عوض جیبیں بھی گرم کر رہا ہے ۔ بھتہ دینے والے ریڑھی بانوں کا کہنا ہے کہ جو نہی شہر میں افسروں کی آمد ہوتی ہے تو عملہ انہیں بتا دیتا ہے کہ ریڑھیاں سائیڈ ز پر کرلیں اور افسروں کے جاتے ہی انہیں دوبارہ ریڑھیاں لگانے کی اجازت مل جاتی ہے ۔ ریڑھی بانوں کا کہنا تھا کہ اصل تجاوزات تو با اثر تاجروں اور دکانداروں نے قائم کر رکھی ہیں جنہوں نے شاہراہوں کی کئی کئی فٹ جگہ پر قبضہ جمارکھا ہے لیکن اسکی جانب کوئی توجہ ہی نہ دے رہا جبکہ مزدوروں اور محنت کشوں سے بھتہ لئے جانے کے باوجود سارا سارا دن ذلیل و خوار بھی کیا جارہا ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر آفس سے کچہری چوک تک بااثر دکانداروں نے سروس روڈ پر مٹی ڈال کر راستہ بند کر رکھا ہے اور کئی کئی فٹ دکانیں بڑھائی ہو ئی ہیں لیکن میونسپل کمیٹی کا عملہ ان کے خلاف کارروائی نہیں کرتا ۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔