ٹیوٹا کی جانب سے کو ئی نیا ادارہ نہ بنانے کا فیصلہ

ٹیوٹا کی جانب سے کو ئی نیا ادارہ نہ بنانے کا فیصلہ

گجرات(سٹی رپورٹر ،نامہ نگار)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین کی زیر صدارت ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں ٹیوٹا کی جاری ترقیاتی سکیموں پرپیش رفت اور سی ایم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے مختلف خدوخال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ٹیوٹا کے موجودہ اداروں میں بہتری لائے بغیر کوئی نیا ادارہ نہ بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ٹیوٹا کے اداروں اور لیبز کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ٹیوٹا کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کیلئے روایتی انداز سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا۔ شافع حسین نے کہاکہ لیبز کویوایم ٹی جیسی یونیورسٹیوں کے تعاون سے اپ گریڈ کیا جائے جبکہ ٹیوٹا کے اداروں میں طلبہ اور سٹاف کی بائیومیٹرک حاضری کا اہتمام بھی کیا جائے ۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ مائیکرو چپ مینوفیکچرنگ مستقبل کی ضرورت ہے اس پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ٹیوٹا کے اداروں میں عریبک،جرمن، کورین، جیپنیز اور سپینش لینگویج کورسز شروع کئے جائیں اور ٹیوٹا کے اداروں کا نصاب عالمی مارکیٹ اور مقامی انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق تیار کیا جائے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں