سیالکوٹ :سیف سٹی پراجیکٹ پر محدود پیمانے پر کام کا آغاز

 سیالکوٹ :سیف سٹی پراجیکٹ پر محدود پیمانے پر کام کا آغاز

سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ سیالکوٹ تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اور اربوں روپے کا قیمتی زر مبادلہ کما کر ملک و قوم کی خدمت کر رہا ہے۔

 سیالکوٹ کو رول ماڈل بنا کر ملک کے دیگر اضلاع میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیگر ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنایا جاسکتا ہے ، ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کا برآمدات میں اضافہ میں اہم رول ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ یہ بات انہوں نے ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کی جانب سے اپنے اعزاز میں د ئیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ ملک عبدالغفور, ایس وی پی وہاب جہانگیر، عامر مجید کپور، ایوب خان، مریم بٹ، خاور خواجہ، اعجاز غوری، ملک ذوالفقار، لبنیٰ تبسم، اجمل دتہ کے علاو ہ مختلف ٹریڈ یونین کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میونسپل سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ کیلئے شہر میں کئی ایک منصوبوں پر کام جاری ہے تاہم ٹریفک، تجاوزات اور صفائی ستھرا ستھرائی جیسے چیلنجز سے نمٹنا اکیلی ایڈمنسٹریشن کے بس کی بات نہیں اس کیلئے شہریوں کو اپنی سماجی و اخلاقی ذمہ داریوں کا ادارک کرتے ہوئے آئین و قانون کی پاسداری کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ پر محدود پیمانے پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے اہم چوکوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کیلئے کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا روڈ انجینئرنگ، ٹریفک مینجمنٹ، پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انوسٹمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں، لیبر کالونی اور وویمن ہاسٹلز کی تعمیر کیلئے اراضی کے حصول کیلئے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور سیالکوٹ چمبر آف کامرس کے مابین ورکنگ ریلیشنز اور کوآرڈینیشن کو بہتر بنایا جائیگا تاکہ درپیش مسائل کو اسٹیک ہولڈر کی مشاورت اور عملی تعاون سے حل کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں