حکومت نے پر امن احتجاج بھی نہ کرنے دیا :پی ٹی آئی رہنما

حکومت نے پر امن احتجاج بھی نہ کرنے دیا :پی ٹی آئی رہنما

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر )سابق ایم این اے میاں طارق محمود اور رہنما تحریک انصاف میاں حسن یوسف ایڈووکیٹ نے۔۔

 اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ پرامن احتجاج کو روکنے کے لیے ن لیگی حکومت کے ایماء پر پولیس کی غنڈہ گردی ناقابل قبول اور یہ جمہوریت کے منہ پر تمانچے کے مترادف ہے ، پولیس نے جس طرح تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کے گھروں کا محاصرہ کیا اور انہیں یرغمال بنائے رکھا ،تاریخ میں اس کی کہیں بھی مثال نہیں ،انھوں نے کہا کہ جمہوریت پسند ملک میں ظلم و بربریت کی ایسی مثال ناقابل معافی جرم ہے ، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان اور رہنماؤں نے پرامن احتجاج کی کال دے رکھی تھی جس کو سبوتاژ کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری سڑکوں اور گھروں پر تعینات کر کے جمہوریت کا جنازہ نکالنے کی کوشش کی گئی ہے ، انھوں نے کہا کہ پولیس اور حکومت کے اس طرز عمل کی وجہ سے پوری دنیا میں وطن عزیز کی جگ ہنسائی ہوئی ہے کہ جہاں پر جمہوریت کے راگ الاپنے والے حکمرانوں نے پر امن احتجاج کی اجازت بھی نہیں دی انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمارے کارکنان کے حوصلے پست نہیں کر سکتی ہم پر امن جدوجہد کو جاری رکھیں گے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں