عید پر مذہبی ہم آہنگی کیلئے علما کا کردار اہم:محمد ذوالقرنین

عید پر مذہبی ہم آہنگی کیلئے علما کا کردار اہم:محمد ذوالقرنین

سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ عید الضحیٰ کے موقع پر ضلع بھر میں مذہبی ہم آہنگی کے لئے علما کرام کا کردار نہایت اہم ہے ۔

، حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع میں امن و امان برقرار رکھنا اور صفائی کیلئے بہترین انتظامات کیلئے جامع پلان پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اے ڈی سی جی سید اسد رضا کاظمی، کنوینئرضلعی امن کمیٹی حافظ اصغر چیمہ، ممبران ملک ذاکر حسین اعوان، احمد مصدق قاسمی، حافظ محمد آصف، مولانا محمد ارشد کٹھانہ، ظفر عباس، سید خاور عباس ، حافظ شاہد محمود باجوہ، فیصل افضل شیخ، میاں ناصر علی، سید علی نجم گیلانی، افتخار احمد، سید نسیم ثقلین، حافظ غلام حسین سلطانی، صاحبزادہ محمد ظہور واصف، صاحبزادہ طیب عقیل، سید اعجاز حسین نقوی، مفتی کفایت اﷲ شاکر، اشفا ق نذر، عبدالحفیظ مظہر، صاحبزادہ ایوب، علامہ غلام محی الدین نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا کہ قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کیلئے اجازت نامہ کی درخواستوں پر آج فیصلہ کر دیا جائے گا، عید کے موقع پر اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے سکیورٹی اداروں کی معاونت کیلئے رضا کاروں کی خدمات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو اٹھانے کیلئے شہریوں کے ساتھ قصابوں کو بھی شاپر بیگز فراہم کئے جائیں گے تاکہ وہ جانور ذبح کرنے کے بعد آلائشیں اس میں ڈال کر ویسٹ پوائنٹس تک پہنچا دیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا کہ ایس ڈبلیو ایم سی، میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مساجد کے راستوں کی صفائی اور چونا کاری بروقت کی جائے اور آلائشیں اٹھانے کیلئے ضرورت کے مطابق اضافی وسائل بھی مہیا کئے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں