ایم ڈی واسا کا ترقیاتی سکیموں کی سخت مانیٹرنگ کا حکم
شہر کے سیوریج سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کیلئے تعمیراتی کام جاری :ثاقب رضا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے اے ڈی پی کے تحت جاری تمام ترقیاتی سکیموں کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کنسلٹنٹ ایجنسی نیسپاک لازمی طور پر ہفتہ وار پراگریس رپورٹ پیش کرے ۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر کے سیوریج سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں چھوٹی بڑی ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کام جاری ہے ، جنہیں ڈیزائن، اسیسمنٹ اور طے شدہ ٹائم فریم کے مطابق مکمل کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ کنسلٹنٹ ایجنسی نیسپاک ان سکیموں پر ہونے والے کاموں کی کڑی نگرانی کرے اور ہفتہ وار رپورٹ پیش کرے تاکہ تعمیراتی کاموں کے دوران درپیش چیلنجز سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے ۔ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے مزید کہا کہ تمام ترقیاتی سکیموں میں تعمیراتی کام کے دوران استعمال ہونے والے پائپس سمیت دیگر میٹریل کی کوالٹی معیاری ہونی چاہیے اور اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔