ٹریفک دبائو:ریلوے سٹیشن کے اطراف2نئی سڑکیں بنانیکا فیصلہ
ریلوے اور ایل ڈی اے میں سٹیشن کے اطراف ٹریفک اور پارکنگ بارے پلان طے
لاہور (شیخ زین العابدین)ریلوے سٹیشن کو پیڈیسٹرین زون بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا، پیڈیسٹرن زون میں دو لین کی سڑک بنائی جائے گی، جہاں ون وے نظام کے تحت خصوصی ڈراپ لین فراہم کی جائے گی، ریلوے سٹیشن کے سامنے موجود گول چکر کو پارکنگ اور ڈراپ لین کے لیے استعمال کیا جائے گا، تفصیلات کے مطابق لاہور ریلوے سٹیشن کو اپ گریڈ کرنے کے وزیراعلیٰ پنجاب کے منصوبے میں اہم پیشرفت سامنے آ گئی ہے ۔ محکمہ ریلوے اور لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے درمیان اسٹیشن کے اطراف ٹریفک اور پارکنگ سے متعلق نیا جامع پلان طے پا گیا ہے ۔نئے فیصلے کے تحت ریلوے سٹیشن آنے والی تمام گاڑیوں پر پارکنگ فیس عائد کی جائے گی، جبکہ سٹیشن کے عین سامنے والے حصے کو مکمل طور پر پیڈیسٹرن زون قرار دیا جا رہا ہے ۔ پیڈیسٹرن زون میں دو لین کی سڑک بنائی جائے گی، جہاں ون وے نظام کے تحت خصوصی ڈراپ لین فراہم کی جائے گی ،ٹریفک دباؤ کم کرنے کے لیے نولکھا مارکیٹ سے پہلے ریلوے سٹیشن کی طرف جانے والا راستہ عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا جائے گا۔ اس راستے پر صرف ریلوے سٹیشن جانے والی گاڑیوں کو آمدورفت کی اجازت دی جائے گی۔اس کے علاوہ ریلوے سٹیشن کے اطراف دو نئی سڑکوں کی تعمیر کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ، جن کا مقصد متبادل راستے فراہم کرنا اور ٹریفک فلو کو بہتر بنانا ہے ۔نئے پلان کا ڈیزائن لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے تیار کیا جا رہا ہے ۔