نادرا شناخت کے بغیر ماہی گیروں کی رجسٹریشن نہ کرنیکا فیصلہ

نادرا شناخت کے بغیر ماہی گیروں کی رجسٹریشن نہ کرنیکا فیصلہ

اقدام سے شکار کے بہانے اسمگلنگ ودیگر جرائم کی روک تھام ممکن ہوگیغیر قانونی جالوں کے استعمال پر قید کی سزا بھی عائد کی جا سکتی ہے ،علی ملکانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے نادرا کی شناخت کے بغیر مچھلی کا شکار کرنے والے ماہی گیروں کی رجسٹریشن، لائسنس کے اجرا اور شکاری لانچوں کی رجسٹریشن نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ فیصلہ جمعرات کوصوبائی وزیر لائیو اسٹاک و فشریز محمد علی ملکانی کی صدارت میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا جس میں سیکیورٹی اداروں، کسٹمز اور وفاقی و صوبائی فشریز محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ فیصلہ کیا گیا کہ سندھ حکومت مچھلی کے شکار اور شکار پر جانے والی لانچوں کی رجسٹریشن صرف اسی صورت میں کرے گی جب ماہی گیر نادرا شناخت ظاہر کرے گا۔ اس اقدام سے سمندری پٹی میں شکار کے بہانے اسمگلنگ اور دیگر جرائم کی روک تھام ممکن ہو سکے گی۔ صوبائی وزیر محمد علی ملکانی نے کہا کہ اس پالیسی سے چائلڈ لیبر کے مسئلے کا بھی خود بخود خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت غیر قانونی جالوں کے استعمال پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرانا چاہتی ہے ، اس لیے جلد الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے وارننگ جاری کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک ماہ بعد اگر کسی ماہی گیر کو غیر قانونی جال استعمال کرتے ہوئے پایا گیا تو اس پر جرمانے کے ساتھ قید کی سزا بھی عائد کی جا سکتی ہے ۔ جو ماہی گیر خود آ کر غیر قانونی جال جمع کرائے گا، اسے قانونی اور اجازت یافتہ متبادل فراہم کیا جائے گا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں