سسٹم کی حکمرانی نے کراچی کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا،منعم ظفر
آباد رہنماؤں نے ٹھوس ثبوت اور شواہد کے ساتھ بھتہ خوروں کی نشاندہی کی حکام نے فوری نوٹس نہ لیا تو معیشت کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے ،بیان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کراچی میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال، بڑھتی ہوئی بھتہ خوری بالخصوص بزنس کمیونٹی کو بڑے پیمانے پر بھتہ وصولی کیلئے نشانہ بنانے اور آبادکے رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں سندھ حکومت اور محکمہ پولیس کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ سسٹم کی حکمرانی نے کراچی کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیاہے ۔ صوبائی حکومت کی بے حسی و مجرمانہ غفلت، بدترین حکمرانی اور عوام کے تحفظ میں مکمل ناکامی کے باعث صورتحال اس حد تک سنگین ہو گئی ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر اور اقتصادی حب کی بزنس کمیونٹی بھی پریس کانفرنس کرنے اور احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئی ہے ۔ شہری اور عوامی حلقے مسلسل شہر میں امن و امان، بھتہ خوری، چوروں اور مسلح ڈاکوؤں کی لوٹ مار اور جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ دینے کے حوالے سے حکومت کو متوجہ کر رہے ہیں لیکن حکومتی ذمہ داران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ آباد کے رہنماؤں نے ٹھوس ثبوت اور شواہد کے ساتھ بھتہ خوری کے منظم نیٹ ورک کو ایک بار پھر بے نقاب کیا اور واضح اور دو ٹوک انداز میں بھتہ خوروں کی نشاندہی کی ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی اس بدترین صورتحال میں خاموش نہیں بیٹھے گی،یہ بہت بڑا المیہ ہے کہ کراچی اتنا سب کچھ دینے کے باوجود اپنے جائز اور قانونی حق سے محروم ہے ۔