ناکامی سب سے بڑی معلم، کوشش جاری رکھیں،سعدیہ راشد

ناکامی سب سے بڑی معلم، کوشش جاری رکھیں،سعدیہ راشد

بعض اوقات محنت اور اخلاص کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر پاتے حوصلہ افزائی ضروری،فاطمہ عبید ،تقریب میں طلبہ، اساتذہ، والدین کی شرکت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر سعدیہ راشد نے کہا ہے کہ ناکامی دراصل انسان کی سب سے بڑی معلم ہوتی ہے ۔ بعض اوقات ہم پوری محنت اور اخلاص کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر پاتے جس سے دل بوجھل ہو جاتا ہے ، مگر یہی لمحے ہمیں مضبوط بناتے ہیں۔یہ بات انہوں نے ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام ہمدرد نونہال اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ ناکامی نہ دشمن ہے نہ ٹھوکر بلکہ ایک آئینہ ہے جو ہماری کمزوریوں اور پوشیدہ صلاحیتوں کو واضح کرتا ہے ، جو بچے اور نوجوان ناکامی سے سبق سیکھ لیتے ہیں، وہی مستقبل میں کامیابی کے دروازے کھولتے ہیں۔ انہوں نے حکیم محمد سعیدؒ کی زندگی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل اور مشکلات کے باوجود ان کی مستقل جدوجہد نے ہمدرد فاؤنڈیشن اور ہمدرد یونیورسٹی جیسے عظیم اداروں کو جنم دیا۔ انہوں نے نونہالوں کو نصیحت کی کہ کامیابی اکثر پہلی کوشش میں نہیں ملتی بلکہ بار بار کی گئی کوششیں ہی انسان کو منزل تک پہنچاتی ہیں۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی ممتاز ماہرِ تعلیم فاطمہ عبید نے اپنے خطاب میں والدین اور اساتذہ کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب کوئی بچہ ناکام ہو تو اسے ڈانٹنے کے بجائے حوصلہ دینا، گلے لگانا اور اس کا ساتھ دینا بے حد ضروری ہے ۔ قبل ازاں قائدِ ایوان عائشہ فواد کہا کہ اگر انسان ناکامی کو اپنی کامیابی کا پہلا زینہ سمجھ لے تو بالآخر وہ کامیابی کی اعلیٰ منزل تک پہنچ جاتا ہے ۔ جائشہ احمر نے کہا کہ ناکامی زندگی کا ایک اہم تجربہ ہے جو ہمیں آئندہ غلطیوں سے بچنے کا سبق دیتا ہے ۔ تقریب میں نونہال مقررین مریم فاطمہ، عائشہ فواد اور دیگر طلبہ نے بھی موضوع پر پُراثر تقاریر کیں۔ تقریب میں طلبہ، اساتذہ، والدین اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں