آٹے کے نئے ریٹس نمایاں جگہ پر آویزاں کرنیکی ہدایت

آٹے کے نئے ریٹس نمایاں جگہ پر آویزاں کرنیکی ہدایت

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )حکومت پنجاب نے آٹے کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب بھر میں آٹے کی قیمتیں مقرر کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 10 کلو گرام آٹے کی قیمت 820 روپے اور 20 کلو گرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 1640 روپے مقرر کی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و وزیرآباد محمد طارق قریشی کی ہدایات پر ضلع بھر کی کریانہ اور ہول سیل د کانوں پر نئے مقرر کردہ ریٹس آویزاں کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ و وزیرآباد کے افسر متحرک ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور محکمہ خوراک کے افسروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ یقینی بنائیں کہ ضلع میں کوئی سپر سٹور، ہول سیل مارکیٹ اور کریانہ شاپ ایسی نہ رہے جہاں نئے مقرر کردہ ریٹس نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کئے گئے ہوں۔ نئے ریٹ لسٹیں نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے والوں کو پہلے روز تنبیہ جاری کی جائے اور سختی سے تلقین کی جائے کہ وہ حکومتی نرخوں پر فروخت و دستیابی یقینی بنائیں بصورت دیگر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے اور گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس مجسٹریٹس اور محکمہ خوراک کے افسر نئے مقرر کردہ ریٹس پر عملدرآمد کے لیے فیلڈ میں متحرک رہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں