سیالکوٹ :جگہ جگہ پارکنگ سے ٹریفک جام رہنا معمول

سیالکوٹ :جگہ جگہ پارکنگ سے ٹریفک جام رہنا معمول

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ضلعی انتظامیہ ناقص حکمت عملی، شہراقبال کو ٹھیکہ پر دے دیا گیا ،جگہ جگہ پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے ۔

 کسی بھی علاقے میں فیس ادائیگی کے بغیر موٹرسائیکل یا گاڑی کھڑی کرنا ممکن نہ رہا۔ درجنوں مقامات پر غیر قانونی پارکنگ سٹینڈرز موجود ہیں۔ ایسے پارکنگ سٹینڈز کا نہ تو کوئی ٹھیکہ ہوتا ہے او ر نہ کوئی سرکاری اجازت نامہ، پارکنگ سٹینڈز پر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں سے غیر قانونی زبردستی پرچی فیس وصول کی جاتی ہے ۔ شہر کے مختلف پارکس شاپنگ سینٹرز ،ہسپتالوں اور نجی کلینکس سمیت مختلف جگہوں پر غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز موجود ہیں۔ مگر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہ کی جارہی ہے ۔ جبکہ جگہ جگہ پارکنگ سٹینڈز کی وجہ سے ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے پارکنگ سٹینڈز سے موٹرسائیکلوں سے پٹرول چوری ہونے کے واقعات بھی معمول بن چکے ہیں۔ شہر میں کسی بھی جگہ پر پیسے ادا کئے بغیر موٹرسائیکل یا گاڑی کھڑی نہیں کرسکتے ۔ مختلف جگہوں پر جانا ہو تو ایک ہی رو ز میں متعدد جگہوں پر غیر قانونی پرچی فیس ادا کرنی پڑتی ہے ۔ عدم ادائیگی پر عملے کی جانب سے بدتمیزی اور زبردستی کی جاتی ہے اگر گاڑی پارک کرنے کی بجائے ڈرائیور گاڑی کے اندر ہی موجود رہے تب بھی پیسے دینے ہی پڑتے ہیں یا دوسری صورت میں گاڑی مذکورہ جگہ سے آگے پیچھے لے جانی پڑتی ہے ۔ انتظامیہ ان پارکنگ سٹینڈز کیخلاف کارروائی کرنے کی بجائے لمبی تان کر سورہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں