ڈسکہ میں سیوریج پراجیکٹ پر کام جاری ہے :میاں ذیشان

 ڈسکہ میں سیوریج پراجیکٹ پر کام جاری ہے :میاں ذیشان

سیالکوٹ،ڈسکہ (نمائندگان دنیا )صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت ڈسکہ شہر سیوریج کے میگا پراجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہے۔۔۔

 26 ہزار فٹ طویل آرسی سی ڈرینز کی تعمیر کے منصوبے کو رواں سال کے آخر تک مقررہ ٹائم لائن کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے گا ،اس سلسلہ تاخیر ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اور منصوبے کے معیار پر بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے میونسپل کمیٹی ڈسکہ میں پنجاب سٹیز پروگرام پر کام کی پراگرس کا جائزہ لینے کے دوران بتائی۔ صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ پی سی پی کے ڈسکہ میں سیوریج کے منصوبے میں نئی آر سی سی ڈرینز کے علاوہ 31 ہزار 507 فٹ پرانی ڈرین کی بحالی، 282 فٹ ڈرین کلوٹ، 4 ہزار 739 فٹ ڈرینز کی ری ماڈلنگ اور 36 ہزار فٹ میونسپل کمیٹی ڈسکہ کی پرانی ڈرینز کی ڈی سلٹنگ بھی اس منصوبے کا حصہ ہے ۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی ڈسکہ کے مقامی حکام کو ہدایت کی مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے شہر کو اربن فلڈنگ سے بچانے کیلئے نالوں کی صفائی کو یقینی بنانے کے علاوہ ڈسپوزل سٹیشن کو فنکشنل رکھا جائے اور نشیبی علاقوں میں ایمرجنسی رین کیمپس قائم کئے جائیں جہاں پر بارش شروع ہوتے ہی سینی ٹیشن عملہ بمعہ مشینری موجود ہو۔ صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے ڈسکہ سٹی میں جاری دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا اور اس ضمن میں متعلقہ محکموں کے مقامی حکام کو ہدایات جاری کیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں