حسینیت سیرت اور طرزِ عمل کا نام ہے :شیعہ علما کونسل

 حسینیت سیرت اور طرزِ عمل کا نام ہے :شیعہ علما کونسل

وزیرآباد(نامہ نگار)شیعہ علماء کونسل پاکستان کے نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے جامعہ ممتاز المدارس میں عشرہ محرم کے سلسلہ میں خطاب کرتے ہوے کہا کہ حسین اور حسینیت ’ محض ایک تاریخ کا نہیں بلکہ ایک سیرت اور طرزِ عمل کا نام ہے ۔

 ایک روشن و واضح راستے کا نام بھی ہے جس دین کے دامن میں ایک جانب ذبیح اللہ حضرت اسماعیل علیہ اسلام کی قربانی ہو اور دوسری جانب ذبح عظیم حضرت امام حسین ؑعالی مقام کی ان گنت قربانیاں ہوں تو یہ ثابت ہو جاتا ہے کہ اس دین کی بقا کا ذمہ تو خود اللہ تعالی نے لے رکھا ہے اور یہ کسی انسان کا نہیں بلکہ خدائے بزرگ و برتر کا ہی معجزہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ معرکہ کربلا صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ شعور ، حریت ، خودداری ، جرات ، شجاعت ، ایثار وقربانی اور صبر و انقلاب کا مکمل فلسفہ ہے ۔اور اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ یہاں کا بچہ بچہ ہی کربلا شناس ہے جنہوں نے باوجود کم سنی کے بھی مقصد نبوی اور اسلام کو زندہ رکھا ۔ ان کربلا کے شہیدوں نے اپنی جرات اور کردار و عمل سے اسلام کو ایک حیات جاودانی عطا کر دی ۔آج امام عالی مقام کا نام کیوں زندہ ہے اور یزید کیوں ایک طعنہ بن کر رہ گیا کیونکہ امام حسین ؑنے حق و سچ کی نمائندگی کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں