سیالکوٹ :گراں فروشوں کیخلاف مہم تیز ، لاکھوں جرمانہ
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں گراں فروشوں کے خلاف مہم تیز کردی گئی ، 12 روز کے دوران 63 ناجائز منافع خور موقع پر سے گرفتار۔۔۔
37 دکانوں کو سربمہر کرکے پرائس ایکٹ کے تحت 23 ایف آر درج کرائی گئیں جبکہ 835 دکانداروں کو مجموعی طور پر 46 لاکھ 76 ہزار روپے جرمانہ کیا۔ یہ بات انہوں نے ضلع سیالکوٹ میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں پرائس مجسٹریٹس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے صارفین کونسل کو اپنا موثر اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ دریں اثناں ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ریویو کا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈی ڈی ڈویلپمنٹ نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں 27 میگا ترقیاتی منصوبے زیر تکمیل ہیں جن کی تکمیل پر مجموعی طور 9 ارب 19 کروڑ 67 لاکھ روپے خرچ ہونگے ۔