ناکافی رقبہ پر یونیورسٹی بنانا مسائل پیدا کریگا:پی پی ایل اے

 ناکافی رقبہ پر یونیورسٹی بنانا مسائل پیدا کریگا:پی پی ایل اے

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچرار ایسوسی ایشن گوجرانوالہ ڈویژن کا ایک ہنگامی اجلاس ڈویژنل صدر محمد انور وریاہ کی زیرصدارت منعقد ہوا۔۔۔

 جس میں ڈویژنل سیکرٹری جنرل پروفیسر سعدیہ عالم، سینئر نائب صدر اشتیاق جٹھول، ضلعی صدر امتیاز حسین کے علاوہ سابقہ ڈویژنل صدر پروفیسر محمد اختر گھمن، ایگزیکٹو ممبر اسد بٹر، سینئر نا ئب صدر ڈاکٹر احسن رضا اور نائب صدر پروفیسر ماخد اعوان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں یونیورسٹی آف گوجرانوالہ کے نام پر ایک سیاسی جماعت کے کچھ رہنماؤں کی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی خاطر وزیر اعلیٰ پنجاب کو لکھی گئی درخواست پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی کے لئے حکومت نے پہلے سے ایمن آباد کے قریب ایک وسیع رقبہ پہ جو تعمیر شروع کر رکھی ہے اس کو جلد مکمل کر کے کلاسز کا آغاز کیا جائے ۔ گورنمنٹ گریجوایٹ کالج بوائز سیٹلائٹ ٹاؤن میں تقریباً چھ ہزار طلبا زیر تعلیم ہیں۔ اسی طرح گورنمنٹ میاں رحمت علی گریجوایٹ کالج آف ہوم اکنامکس میں ایک ہزار طالبات تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو رہی ہیں۔ ان دونوں کالجز میں غریب اور متوسط طبقہ کے بیٹے بیٹیوں کو تعلیم کے بنیادی حق سے محروم کرنا سراسر نا انصافی ہے ۔ شہر کے گنجان آباد ناکافی رقبہ پر یونیورسٹی بنانا کئی مسائل پیدا کریگا۔ جبکہ ایمن آباد میں موٹر وے کے ساتھ ایک وسیع رقبہ حاصل کر کے یونیورسٹی بنانا ایک احسن اور قابل ستائش عمل ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں