حکومتی اتحاد عوامی غضب کا شکار ہونے والا :ریحانہ ڈار

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا،ڈسٹرکٹ رپورٹر )تحریک انصاف کی سینئر رہنما ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے کہ حکمران اپنی عیاشیوں کی خاطر غریب عوام کو مہنگائی کے آرے سے گزارنے پر تلے ہوئے ہیں۔۔۔
آئی ایم ایف کے ایماء پر بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ غریب عوام کو خود کشیوں کی طرف لے کر جارہا ہے ،غریب عوام کے معصوم بچوں کی بھوک سے نڈھال چیخیں اور سسکیاں سنائی نہیں دیتیں، لوگ جھولیاں اٹھا اٹھا کر حکمرانوں کو بددعائیں دے رہے ہیں۔حکمران طبقہ اپنے انجام سے بے خبر عوام پر ظلم وستم روا رکھے ہوئے ہے ۔حکومتی اتحاد عنقریب عوامی غیض وغضب کا شکار ہونے والا ہے ۔پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ریحانہ امتیاز ڈار جناح ہاؤس میں یونین کونسل فتح گڑھ سے فیاض منہاس کی قیادت میں آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر فاروق ڈار، جنرل سیکرٹری میاں اعجاز جاوید، سیکرٹری اطلاعا ت ونشریات میاں شان علی قمر کے علاوہ کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا کہ عوام کو 300 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کا دعدہ کرنے والوں نے 2سال کے دوران بجلی فی یونٹ 23 روپے مہنگی کردی ہے ۔