عام آدمی کو ریلیف انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ، ڈی سی قصور

 عام آدمی کو ریلیف انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ، ڈی سی قصور

محمدآصف رضا کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ، قیمتوں کا جائزہ

قصور(نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر قصور محمدآصف رضا کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، دستیابی اور گراں فروشی کی شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)سید ایوب بخاری، ای اے ڈی اے ، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز، پی ڈبلیو اینڈ ایم، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی، تاجر ایسوسی ایشن کے صدر، تاجروں کے نمائندوں اور کمیٹی ممبرز نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔اشیائے خوردونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں متحرک رہیں، روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کریں، ریٹ لسٹ کی چیکنگ کریں اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور موثر کارروائی عمل میں لائیں۔اجلاس کے دوران مختلف اشیاء کی موجودہ قیمتوں، سپلائی چین، منافع خوری اور صارفین کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں