واجبات کی بروقت وصولی مالی استحکام کیلئے نا گزیر:کمشنر
ریکوری کے معاملات میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی:اجلاس سے خطاب
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی نے پلس کی ریکوری کی پیش رفت کے حوالے سے ویڈیو لنک کے ذریعے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری واجبات کی بروقت اور مکمل وصولی مالی نظم و ضبط کے استحکام کیلئے ناگزیر ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں ریکوری کے اہداف واضح حکمتِ عملی کے تحت مقرر کئے جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے ۔اجلاس میں ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
جبکہ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن محمد شفیق ،اے دی سی آر طیب ،اے سی صدر فیصل مجید ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عبدالرئوف ،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ قمر ذیشان،سی او میٹرو پولیٹن کارپوریشن حیدر علی چٹھہ ،لا آفیسرزراشد امین، قرۃ العین ،اے ڈی ایل آرزنے اجلاس میں شرکت کی۔کمشنر نے ضلعی انتظامیہ کو تاکید کی کہ پلس ریکوری کے معاملات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔نوید حیدر شیرازی نے مزید کہا کہ نادہندگان کے خلاف مرحلہ وار کارروائی کی جائے ، جبکہ کارکردگی بہتر بنانے والے اضلاع کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔