شام4سے7 گنے کی ٹرالیوں کا شہر میں داخلہ بند
ٹریفک رواں دواں رکھنے ،حادثات کی روک تھام کیلئے فیصلہ پر عملدرآ مد کیلئے موبائل ٹیمیں بھی تعینات ،ٹرالیوں پر ریفلیکٹر لگانا لازمی ہوگا ،اوور سپیڈنگ سخت پابندی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) ٹریفک رواں دواں رکھنے اور حادثات کی روک تھام کے لیے سرگودھا میں شام 4 بجے سے 7 بجے تک گنے کی ٹرالیوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ، جبکہ عملدرآمد کے لیے موبائل ٹیمیں بھی تعینات کر دی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم اور ڈی پی او سرگودھا صہیب اشرف کی زیر صدارت ٹریفک مسائل کے حل کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری ڈی آر ٹی اے ملک طاہر، اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن، ڈی ایس پی ٹریفک، ڈی ایس پی پی ایچ پی، تحصیلدار کوٹ مومن اور ایس ایچ او لکسین نے شرکت کی۔اجلاس میں سیال موڑ اور لاہور روڈ پر ٹریفک کے دباؤ، ہیوی ٹریفک اور گنے کی ٹرالیوں سے درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ شام 4 بجے سے 7 بجے تک گنے کی ٹرالیوں کو سڑک پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے ۔اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ تمام ٹرالیوں پر ریفلیکٹر لگانا لازمی ہوگا اور بغیر ریفلیکٹر کے کسی ٹرالی کو سڑک پر آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ لاہور سے آنے والے ڈمپرز کو موٹروے پر پنڈی بھٹیاں کے مقام پر اتارنے کا حکم دیا گیا، جبکہ ڈمپرز کو 10، 10 کی تعداد میں سڑک پر چھوڑا جائے گا۔ خالی ڈمپرز کو 24 گھنٹے آمدورفت کی اجازت ہوگی، اور لوڈڈ ڈمپرز صرف شام 4 بجے سے صبح 7 بجے تک سڑک پر آ سکیں گے ۔متعلقہ محکموں کو ٹریفک کنٹرول کے لیے نفری تعینات کرنے ، چوکوں پر موبائل ٹیمیں کھڑی رکھنے اور پی ایچ پی کی موبائل وین و موٹر سائیکل سوار اہلکار تعینات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے اوور اسپیڈنگ پر سخت پابندی عائد کرتے ہوئے واضح کیا کہ خلاف ورزی کرنے والے ڈمپرز کے خلاف جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور تمام قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔