بھارت میں مسلم خاتون کا نقاب کھینچنے کیخلاف احتجاج ریلی
شرکا نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے ،مسلم غیرت پر حملہ نا منظور کے نعرے
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)پاکستان مرکزی مسلم لیگ و سول سوسائٹی کے زیر اہتمام بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی طرف سے سرکاری تقریب میں مسلم خاتون کا نقاب کھینچنے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی بلاک نمبر 6 سے شروع ہو کر شہر کی مختلف شاہراؤں سے گزرتے ہوئے آغاز مقام پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کی قیادت ضلعی صدر اکمل جسپال اور جنرل سیکرٹری رائے منیر احمد کھرل نے کی۔ شرکا نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر \\\"نقاب پر حملہ، مسلم غیرت پر حملہ نا منظور\\\" جیسے نعرے درج تھے ۔اس موقع پر منیر احمد کھرل، اکمل جسپال، میاں سرور صدر انجمن شہریان اور دیگر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض سیاسی شخصیات اور بھارتی میڈیا نے واقعہ کی مذمت کی بجائے حجاب کو نشانہ بنا کر اصل معاملے سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بہار کے وزیر اعلیٰ کو اپنے نامناسب اور اہانت آمیز رویے پر فوری معافی مانگنی چاہیے ۔شرکا نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات میں حجاب کے حوالے سے واضح احکامات ہیں اور بھارت کی اس وحشت اور بربریت کے خلاف پوری دنیا کو آواز بلند کرنی چاہیے ۔