سرکاری ہسپتالوں کی ضروریات پوری کی جا رہیں:وزیر خزانہ
کے ای ایم یو میں سالانہ بین الاقوامی سائنسی کانفرنس سے مجتبیٰ شجاع ودیگر کاخطاب
لاہور(خبر نگار) وزیرِ خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صحت کے شعبے میں تاریخ کی سب سے بڑی اور ترجیحی سرکاری سرمایہ کاری کر رہی ہے ، جس کا مقصد عوام کو معیاری، بروقت اور قابلِ رسائی طبی سہولیات فراہم کرنا ہے ۔ سرکاری ہسپتالوں کی تمام ضروریات پوری کی جا رہی ہیں۔ صحت پر سرمایہ کاری انسانوں پر سرمایہ کاری ہے جو مضبوط معیشت کی بنیاد ہے ۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں سالانہ بین الاقوامی سائنسی کانفرنس 2025 اور گرینڈ ایلومنائی ری یونین کی اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا ۔وزیرِ خزانہ نے کہا کہ بین الاقوامی سائنسی کانفرنسز طبی تحقیق میں جدت، محاصلات کے تبادلے اور شواہد پر مبنی طبی عمل کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں۔ شوگر اور کینسر کے مریضوں کو گھر بیٹھے ادویات کی ترسیل کا عمل بھی جاری ہے ، جو مریض مرکوز اور عوام دوست ہیلتھ پالیسی کا واضح ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی صحت کے لئے ممکنہ سہولتوں کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔ عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔آخر میں صوبائی وزیر نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹرز اور طلبہ میں ایواڈز اور انعامات بھی تقسیم کیے ۔