متاثرین اسلام آباد نے ایچ 16میں سی ڈی اے کا آپریشن رکوا دیا
2008 کے ایوارڈ کو نہیں مانتے ،چیک لینے سے بھی انکار ،کل مذاکرت ہونگے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) متاثرین اسلام آباد الائنس کے ہزاروں متاثرین نے سیکٹر ایچ 16 میں سی ڈی اے کے آپریشن کو یکجہتی کیساتھ روک دیا۔ سی ڈی اے کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری جب سیکٹر کا قبضہ لینے پہنچی تو سیکٹر ایچ 16، ڈی 13، ایف 13، ای 13اور سی 16 کے متاثرین موقع پر پہنچ گئے ،اس موقع پر ڈ پٹی کمشنر سی ڈی اے سردار آصف اور متاثرین ایچ 16 کمیٹی کے عمائدین کے درمیان مذاکرات ہوئے ۔ کمیٹی کے عہدیداروں نے واضح کیا کہ وہ 2008 کے ایوارڈ کے مطابق معاوضہ لینے یا سیکٹر کا قبضہ دینے پر تیار نہیں ہیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ 2008 کا ایوارڈ منسوخ کر کے 2025 کا نیا ایوارڈ جاری کیا جائے ، موجودہ مارکیٹ ویلیو کے حساب سے معاوضہ دیا جائے ، 300 مربع گز کے حساب سے پلاٹ دیے جائیں، اور گوگل سپار کو کے نقشے کو مکمل طور پر ختم کیا جائے ۔ 2008 کے ایوارڈ کے مطابق معاوضے کے چیک دینے کی کوشش کی، لیکن متاثرین نے یہ چیک لینے سے انکار کر دیا۔ کل اسلام آباد الائنس کمیٹی کے عہدیداروں کو مذاکرات کے لیے سی ڈی اے مدعو کیا گیا ۔ادھر متاثرین اسلام آباد الائنس نے شہباز شریف کے 25 دسمبر کو سیکٹر ایچ 16 کے دورے کے موقع پر بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔