ثقافتی تبادلوں سے پاک تاجک تعلقات مزید مستحکم ہونگے ،علیم خان

 ثقافتی تبادلوں سے پاک تاجک تعلقات مزید مستحکم ہونگے ،علیم خان

وسط ایشیائی ریاستوں کے درمیان گہری ثقافتی ، تہذیبی مماثلت موجود ،کلچرل فیسٹیول میں شرکت

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم نے تاجکستان،پاکستان کلچرل فیسٹیول میں شرکت کی ،پاکستان میں تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف توئر نے وفاقی وزیر مواصلات کا استقبال کیا۔وفاقی وزیر نے تاجکستان سے آئے ہوئے 75 رکنی ثقافتی وفد کی لوک ورثہ میں شاندار پرفارمنس کو سراہتے ہوئے فنکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور ثقافتی ورثے کی بھرپور نمائندگی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں تاجکستان کے فنکاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ایسے ثقافتی تبادلے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وسط ایشیائی ریاستوں کے درمیان گہری ثقافتی اور تہذیبی مماثلت موجود ہے جو باہمی روابط کو مزید فروغ دینے کا مضبوط ذریعہ بن سکتی ہے ۔ تاجکستان کے صدر کا ثقافتی وفد پاکستان بھیجنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دیگر وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ بھی ثقافتی تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے ۔تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف توئر اور تاجکستان کی وزیر برائے ثقافت ستوریون متلوبخون نے وفاقی وزیر سے ملاقات کی اور دوطرفہ ثقافتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ تاجک وزیر نے پاکستان کی شاندار میزبانی پر تاجکستان کے عوام کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں