آئی ٹی سٹی میں سرمایہ کاری ،ٹیکس چھوٹ دینگے ،انوشہ رحمان
سرمایہ کاروں اور ڈویلپرز کو سہولیات ،لائسنس اجرا کے عمل کو آسان بنایا جائے
اسلام آباد (دنیار پورٹ )وزیر اعلیٰ پنجاب کی سینئر ایڈوائزر آئی ٹی سینیٹر انوشہ رحمان نے وزیرِ اعلیٰ آفس میں اجلاس کی صدارت کی، نواز شریف آئی ٹی سٹی میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈیجیٹل پنجاب ویژن کے تحت صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ پر عملی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین اور سی او او بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ نے منصوبے کے دائرہ کار، لائسنسنگ کے طریقہ کار اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انوشہ رحمان نے ہدایت کی کہ سرمایہ کاروں اور ڈویلپرز کو درپیش انتظامی رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں اور لائسنس کے اجرا کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئی ٹی سٹی میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو دس سال تک انکم ٹیکس اور کسٹمز ڈیوٹیز میں حکومتی مراعات فراہم کی جائیں گی۔ ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے ڈیجیٹل اکانومی اتھارٹی کے قیام سے متعلق پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ملکی اور غیر ملکی تعاون کے ذریعے ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کی ترقی کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔