شہری علاقوں سے بارشی پانی کے فوری نکاس کی ہدایت
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر سند س ارشاد کی زیر صدارت حالیہ بارشوں اور دریائے چناب میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کیلئے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو امتیاز علی بیگ، ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر عدنان نواز سمیت دیگر تمام متعلقہ محکموں ضلع کونسل ، میونسپل کمیٹیوں کے افسروں نے شرکت کی ۔ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ حالیہ بارشوں کے دوران شہری علاقوں میں بارشی پانی کے نکاس کے فوری طور پر کاروائیاں شروع کر دی جائیں تا کہ کسی بھی علاقہ میں زیادہ دیر تک پانی جمع نہ ہو سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ریونیو، ریسکیو 1122اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں کو ہدایت کی کہ دریائے چناب میں کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال یا سیلابی صورتحا ل سے بروقت نمٹنے کے لیے اپنی پیشگی انتظامات کو یقینی بنایا جائے تا کہ اگر خدانخواستہ دریا میں کسی بھی قسم کی سیلابی صورتحال پیدا ہو تو وہاں کے قریبی علاقہ مکین لوگوں اور مویشیوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے ۔اجلاس میں تمام محکموں کی جانب سے حالیہ بارشوں ا ور دریائے چناب میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر کیے جانے والے حفاظتی انتظامات کی تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث شہر کی صفائی ستھرائی اور بارشی پانی کے نکاس کے لیے تمام انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔