دینی مدارس میں تکنیکی تعلیم کے اجرا کیلئے سیمینارکاانعقاد

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )دینی مدارس میں تکنیکی تعلیم کے اجرا کیلئے دارالعلوم نقشبندیہ امینیہ ماڈل ٹائون میں سیمینار کا انعقاد ہوا ۔ڈپٹی کمشنر طارق قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم نقشبندیہ امینیہ میں تمام مسالک کے طلبا اور جید علما کا اکٹھا ہونا بین المسالک ہم آہنگی کا ثبوت ہے جو ہمارا مشن ہے ۔
تمام علما کرام بالخصوص صاحبزادہ پیر محمد رفیق احمد مجددی، مولانا جواد محمود قاسمی، مولانا عمران عریف، ناصر ورک، محمد سعید احمد صدیقی، مفتی شعبان قادری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے گوجرانوالہ دینی مدارس میں تکنیکی تعلیم کے اجرا کے حوالے سے کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا مشن ہے کہ مدارس کے طلبا کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ کسی ایک ہنر کی بھی تعلیم دی جائے تاکہ جب طلبا دینی تعلیم مکمل کریں تو ان کے پاس ہنر بھی ہو۔ طلبا حصول تعلیم کے ساتھ جب ہنر مند ہوں گے تو اپنے گھرانے کی بہتر کفالت کرسکیں گے ۔پیر محمد رفیق احمد مجددی مہتمم دارالعلوم نقشبندیہ امینیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں 90 فیصد تعلیم یافتہ لوگ ٹیکنیکل تعلیم ضرور حاصل کرتے ہیں اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔