سیالکوٹ چیمبر کی جنرل باڈی کا اجلاس،کارکردگی پر بریفنگ
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )چیمبر آف کامرس کی سالانہ جنرل باڈی کا اجلاس چیمبر کے الشفیع آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوا۔ سالانہ جنرل اجلاس کی صدارت صدر سیالکوٹ چیمبر عبدالغفور ملک نے کی اور اپنے 2 سالہ دور صدارت کی کارکردگی و کامیابیوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے سب سے پہلے اپنے رب عزوجل کا شکریہ ادا کیا جس نے انہیں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس جیسے اہم پلیٹ فارم پر اپنی تاجر برادری کی خدمت کرنے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ چیمبر کا دنیا بھر میں ایک نام اور پہچان ہے اور مجھے ایسے چیمبر کا صدر ہونے پر فخر ہے ۔ انہوں نے نو منتخب صدر اکرام الحق، سینئر نائب صدر وسیم شہباز،نائب صدر عمر خالد سمیت دیگر اراکین چیمبر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ۔ نو منتخب صدر اکرام الحق نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور لگن سے ادا کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور انشا اﷲ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی کامیابیوں کا سفر اسی طرح جاری و ساری رہے گا۔ انہوں نے اتحاد فاؤنڈر گروپ کے قائدین کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں صدر جیسے اہم عہدے کے لیے منتخب کیا ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ اپنی نجی مصروفیات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اراکین چیمبر کے لیے دن رات محنت کریں گے اور پوری دنیا میں اپنے اس چیمبر آف کامرس اور اس کے اراکین کے عزت و وقار کے لیے سرگرم عمل رہیں گے ۔