ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی منڈی کا اجلاس ‘مسائل کا جائزہ
پھالیہ (نامہ نگار )ممبر قومی اسمبلی و کنوینئر کمیٹی ناصر اقبال بوسال اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں عوامی نمائندوں کی جانب سے نشاندہی کئے گئے مسائل جن میں خستہ حال روڈز، سیوریج سکیموں ،عوامی فلاح وبہبود کے منصوبہ جات، امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت دیگر مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ممبر قومی اسمبلی و کنونیئر ناصر اقبال بوسال کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی کے ذریعے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے ، معیاری تعلیم فراہم کرنے ، خستہ حال سڑکوں کی تعمیر و بحالی، صفائی ستھرائی، سیوریج سمیت ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے تمام تر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم اورممبر صوبائی اسمبلی خالد محمود رانجھا کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق افسران لوگوں کو حقیقی ریلیف کی فراہمی کیلئے حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ ڈی پی او احمد محی الدین نے ضلع منڈی بہاوالدین میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر بریفننگ دی۔