کٹلری کی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانا ہوگا:ایس ایم تنویر
وزیرآباد(نا مہ نگار)پاکستان کٹلری ایسوسی ایشن وزیر آباد کا سالانہ جنرل اجلاس نجی میرج ہال میں منعقد ہوا جسمیں پیٹرن ان چیف یونائیٹڈبزنس گروپ اینڈ فارمر کئیر ٹیکر منسٹر انڈسٹری اینڈ انرجی ڈیپارٹمنٹ پنجاب ایس ایم تنویر۔۔۔
مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب بابر علاؤ الدین،اسسٹنٹ کمشنر محمد رب نواز چدھڑ،سابق چیئرمین کٹلری ایسوسی ایشن مہر شکیل اعظم،صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اکرام الحق،سابق سنیئر وائس چیئرمین عدنان جاوید سنڈل سمیت صنعتکاروں،معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ایس ایم تنویر نے کہا کہ ملک کی معیشت میں صنعتکاروں کی اہمیت کو حکومتیں اب نظر انداز نہیں کر سکتیں، کٹلری مصنوعات کی بہت بڑی انٹر نیشنل مارکیٹ ہے جس میں ایکسپورٹ کو بڑھانے کے لیے اپنی پیداواری صلاحیت کو مزید بہتر بنانا ہوگا، پانچ آئی پی پیز کے معاہدے منسوخ کئے ہیں انشا اللہ چند روز میں مزیدبجلی سستی ہوگی،صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کرنے کے لئے حکومت کوشش کررہی ہے ۔ بابر علاؤ الدین نے کہا کہ ہم سب کو مل جل کر کٹلری کی صنعت کو فروغ دینا چاہئے۔ آپس میں مل بیٹھ کر ڈسٹرکٹ چیمبر آف کامرس وزیرآباد کے لئے کوشش کرنی ہوگی،میری اولین ترجیح ہوگی کہ کٹلری انڈسٹریز کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے میرے دروازے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں،انشا اللہ بہت جلد ورکرز سکول کی تعمیر شروع کی جائے گی ہم برداشت نہیں کرینگے کہ امیر کے بچے اچھے سکولوں میں تعلیم حاصل کریں اور غریب کے بچوں کے لئے کرایہ کی بلڈنگ میں سکول ہوں ان کا بھی حق ہے کہ وہ بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کریں۔