حکمران اپنے بوجھ تلے دب چکے ،حالات بدلنے والے :عمر ڈار

حکمران اپنے بوجھ تلے دب چکے ،حالات بدلنے والے :عمر ڈار

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر فاروق ڈار نے کہا ہے کہ عوام اپنے ووٹ کا وقار بحال کرنے اور مفاد پرست حکمرانوں سے نجات کی خاطر پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی جیل میں جعلی مقدمات کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور فار م 47 کے پیداوار جعلی حکمران اتحاد بے بسی و بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر تحریک انصاف کو ختم کرنیکی تدبیریں سوچ رہا ہے ،حکمران اپنی غلطیوں کے بوجھ تلے دب چکے ہیں ،دھاندلی زدہ حکومت کا خاتمہ قریب دیکھ کر حکمران ٹولہ اُلٹے سیدھے بیانات داغ رہا ہے اور جھوٹے پراپیگنڈاکے ذریعے بانی پی ٹی آئی کی کردار کشی کر کے عوام کو بیوقوف بنانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے ،مینڈیٹ چور موجودہ پاکستانی سرکار پی ٹی آئی کی عوامی طاقت سے خائف ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح ہاؤس میں ڈسٹرکٹ بار کے سابق نائب صدر خالد محمود اخترایڈووکیٹ، رانا عثمان ایڈووکیٹ کی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عمر فاروق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں حالات تبدیل ہونیوالے ہیں،ملک کے اندر غاصب اور جابر حکومت کا نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے ، یہ زیادہ دیر تک نہیں چل سکیں گے ۔ بشریٰ بی بی کی رہائی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں ،تحریک انصاف کو چھوڑ نے والے آج پچھتا رہے ہیں ،پی ٹی آ ئی نے دو تہائی اکثریت حاصل کی لیکن انتخابی نتائج کو تبدیل کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں