عطا فر ید چودھری کی تقرری پر ن لیگ دھڑوں میں تقسیم
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)صوبائی وزیرکھیل کی جانب سے عطا فرید کو لیبر و سوشل سکیو رٹی کوآرڈی نیٹر مقرر کئے جانے کے معاملے میں مسلم لیگ دھڑوں میں تقسیم ہوگئی۔
عطا فرید چو دھری کو عہدے سے ہٹانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا جانے لگا۔ صوبائی وزیر سپورٹس کی جانب سے معروف بزنس مین عطا فرید چودھری کو محکمہ لیبر و سوشل سکیو رٹی کا کوآرڈی نیٹر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس کے بعد گوجرانوالہ میں مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت اس فیصلے پر دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی، مسلم لیگ ن کے سٹی صدر سلمان خالد بٹ ، ایم پی اے نواز چوہان، عمرفاروق ڈار ،سابق بلدیاتی نمائندوں سمیت مسلم لیگ ن کی سوشل میڈیا ٹیم نے تقرری کی بھرپور مخالفت کی اور عطا فرید چودھری کا تقرر نامہ فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔سوشل میڈیا پر بھرپور مہم چلائی جا رہی ہے ۔ عام انتخابات میں عطا فرید نے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار مبین عارف کی بھرپور انتخابی مہم چلائی تھی اس لئے لیگی کارکنوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے ۔دوسری طرف مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر پیر غلام فرید ،حاجی امان اللہ وڑائچ، سابق ایم این اے شازیہ فرید کی جانب سے عطا فرید کی حمایت کی جا رہی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ عطا فرید چودھری شروع سے ہی مسلم لیگی ہیں،کچھ لوگ عہدے نہ ملنے پر وویلا کر رہے ہیں، عطا چودھری ورکر ہیں اور پارٹی کیلئے خدمات لازوال ہیں۔