انسانی سمگلرز کیسا تھ سختی سے نمٹا جائیگا:گورنر پنجاب
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا،ڈسٹرکٹ رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خاں نے کہا ہے کہ غیرقانونی طریقوں سے بیرون ملک بھجوانے کا مکروہ دھندہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔۔۔
جبکہ قانونی طریقوں سے بیرون ملک افراد بھیجنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اور اسی طرح عوام میں درست معلومات کی فراہمی اور شعور بیدار کرنے والی تمام کوششوں کا بھرپور خیر مقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن اورایف آئی اے کے اشتراک سے انسانی تجارت اور تارکین وطن کی سمگلنگ سے متعلق حکومت پاکستان کی طرف سے بنائے گئے قومی ایکشن پلان کے تحت مطلوبہ مقاصد کے حصول کے لیے حکومت کو مدد فراہم کر نے والے ادارے IOM کی طرف سے منعقدہ دو روزہ تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفد کی قیادت IOMکی پروجیکٹ اسسٹنٹ عائشہ پانیزئی اور پروگرام اسسٹنٹ نمرہ نذیر نے کی جبکہ وفد میں سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندوں عبدالشکور مرزا،زاہدہ پروین ، شہزاد نقوی، اشفاق نذر اور موسی اشفاق بھی شامل تھے ۔گورنر سردار سلیم حیدر نے چیف آف مشن آئی او ایم پاکستان ایم میو ساتو کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس امر پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا کہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ غیر سرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی کی استعداد کار بڑھانے اور عوام میں شعور بیدار کرنے کی جو کوششیں شروع کر رکھی ہیں وہ انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔