ڈی سی کا ملکوال میں تحصیل ہسپتال ، بوائزسکول کا دورہ
ملکوال(سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر منڈی بہائوالدین ڈاکٹر فیصل سلیم نے ملکوال میں سکول، ہسپتال اور بائی پاس روڈ محلہ صابری سمیت مختلف جگہوں کا دورہ کیا۔
ہسپتال میں صفائی کا نظام بہتر بنانے اور محلہ صابری بائی پاس روڈ پر سیوریج پائپ بچھانے کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہسپتال میں کمی پوری کرنے کیلئے جلد نئے ڈاکٹروں کی تعیناتی کی جائے گی تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات حاصل ہوں، ڈپٹی کمشنر نے محلہ صابری بائی پاس روڈ پر جاری سیوریج پائپ بچھانے کے منصوبے کا جائزہ لیا انہوں نے ہدایت کی کہ یہ منصوبہ جلد مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے محلہ صابری روڈ پر منصوبے کی وجہ سے مٹی سے پیدا ہونے والی شدید گردونواح اور اس سے ملحقہ علاقہ کے مکینوں کو مشکلات اور پریشانیوں پر ہدایت کی کہ شہریوں کو اس گرد وغبار سے بچانے کا فی الفور بندوبست کیا جائے ، بوائز ایلیمنٹری سکول کے دورہ پر اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر رضوان افضل گوندل اور ہیڈماسٹر سید قلب عباس شاہ نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے سکول کے مسائل کے متعلق آگاہ کیا، انہوں نے ڈی سی کو بتایا کہ سکول کی چھتیں کافی پرانی اور بوسیدہ ہیں جس پر ڈی سی نے یقین دہانی کرائی کہ جلد اس مسلہ کو حل کیا جائے گا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد ریاض گجر بھی موجودتھے ۔