ڈینگی سرویلنس پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا:صفدرورک

 ڈینگی سرویلنس پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا:صفدرورک

گجرات(سٹی رپورٹر ، نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے وضع کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے ۔۔۔

گجرات نے ڈینگی ہاٹ سپاٹ کوریج میں ڈویژن بھر میں پہلی اور پنجاب بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے ۔ ڈینگی کے خلاف اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ایمرجنسی ریسپانس کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جا رہے ہیں، جن میں تمام ضلعی محکموں کے سربراہوں کی حاضری کو یقینی بنایا جاتا ہے ۔ انسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی سرویلنس ٹیمیں ہر یونین کونسل میں متحرک ہیں اور گھر گھر جا کر سرویلنس کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ ٹیموں کی کارکردگی کو یقینی بنانے کیلئے اینڈرائیڈ ایپ کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر سرگرمیاں اپلوڈ کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی سرویلنس کی کوالٹی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تحصیل سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز خود فیلڈ میں موجود ہیں اور ڈینگی ہاٹ سپاٹس جیسے شادی ہالز، فیکٹریز، زیر تعمیر عمارتیں، نرسریاں، پارکس، ٹائر شاپس، قبرستانوں وغیرہ کی سخت نگرانی کر رہے ہیں۔ کمرشل مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے کی صورت میں مقدمات درج کیے جا رہے ہیں اور کاروبار سیل کئے جا رہے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں